بھٹکل 30؍ستمبر (ایس او نیوز) پچھلے دنوں بلدیہ دکانوں کو خالی کروانے کے مسئلے پر خود سوزی کرکے موت کو گلے لگانے والے رامچندرانائک کے گھر والوں سے اظہار ہمدردی کے لئے سلطان یوتھ ویلفئر ایسوسی ایشن کا ایک خیر سگالی وفد اسارکیری میں واقع مہلوک کے مکان پر پہنچا۔
وفد میں شامل ذمہ داران نے رامچندرا کے بھائیوں اور دیگر اہل خانہ سے گفتگو کی اور اس دردناک واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ساتھ ہی دس ہزار نقد مالی امداد بھی ان کے حوالے کی۔اس موقع پر مہلوک رامچندرا کے بھائیوں نے بھٹکل کے مسلمانوں کی طر ف سے دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ شامل ہونے پر شکریہ اداکیا اور انتہائی ممنونیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ ہی یہاں کے مسلمانوں پر بھروسہ اور اعتماد رہا ہے۔ رامچندرا کے ایک بھائی نے بھٹکل کے کچھ رئیس گھرانوں کو بھی یاد کیا جن کے یہاں وہ خدمات انجام دیا کرتاتھا اور وہ لوگ اس پر کس طرح بھر پور اعتماد کیا کرتے تھے۔
خیر سگالی وفد کی قیادت جناب آفتاب حُسین کولا نے کی۔ ان کے ساتھ جنرل سکریٹری مولانا ابوبکر تونسے، انتظامیہ ممبران عبدالسمیع میڈیکل،ایس ایم سید احمدپرویز، قاضیا عبدالستار ، جاکٹی مزمل، امتیاز قاضیا و دیگر حضرات موجود تھے۔